ڈوپلیسز ٹی ٹونٹی، اے بی ڈویلیئرز ون ڈے ٹیم کے کپتان برقرار
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کےلئے علیحدہ علیحدہ ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے۔ فاف دو پلیسز کو ٹی ٹونٹی کا مستقل کپتان مقرر کیا گیا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف سیریز سے اپنی نئی ذمہ داری کا آغاز کریں گے۔ اے بی ڈی ویلیئرز ون ڈے ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔ جیک کیلس کو ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز کےلئے آرام کا موقع دیا گیا ہے، ہاشم آملہ اور فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین کو بھی ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کا موقع دیا گیا ہے۔ مورنے مورکل جو فٹنس مسائل کے باعث تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں ون ڈے سیریز میں ٹیم کا حصہ ہوں گے البتہ ٹی ٹونٹی میں ان کی جگہ کائل ایبوٹ ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فاسٹ باﺅلر لونوابوسوٹسوبے جو کہ فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے تھے کہ بھی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ ون ڈے سکواڈ میں ڈیویلیئرز کپتان، ہاشم آملہ، فرحان بہاردین، فاف دو پلیسز، کولن انگرام، روری کلین ویلڈت، ریان میکلارین، ڈیوڈ ملر، مورنے مورکل، روبن پیٹرسن، ایرن فینگیسو، گریم سمتھ، ڈیل سٹین اور لونو ابوسو ٹسوبے شامل ہیں۔ ٹی ٹونٹی سکواڈ کپتان فاف ڈوپلیسز، کائل ایبوٹ، فرحان بہاردین، ہنری ڈیوڈز،کوئنٹن ڈی کوک، اے بی ڈی ویلیئرز، روری کلین ویلڈت، ریان میکلارین، ڈیوڈ ملر، کرس مورس، جسٹن اونٹانگ، روبن پیٹرسن، ایرن فینگیسو اور لونوابوسوٹسوبے پر مشتمل ہے۔