امریکہ‘ بھارت شیعہ سنی فسادات کی سازش کر رہے ہیں: دفاع پاکستان کونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ بھارت و امریکہ منظم سازشوں اور منصوبہ بندی کے تحت پاکستان میں شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے ہر گلی محلہ میںباہمی لڑائی جھگڑے کی فضا پیدا کر کے ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ پاکستانی قوم اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو سمجھے اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کیا جائے۔ امریکہ اور بھارت نے پاکستان کے خلاف باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔ بلوچستان کو کمزور علاقہ دیکھ کر خاص طور پر دہشت گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مذہبی و سیاسی جماعتیں اور علماءکرام عوام الناس کو اصل حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے قوم کو متحد و بیدار کرنے کا فریضہ سرانجام دیں۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمد سعید، سید منور حسن، جنرل (ر) حمید گل، مولانا فضل الرحمن خلیل، حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا عبدالقادر لونی، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر اور حافظ عبدالغفار روپڑی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے امریکہ کی سرپرستی میں پاکستان کے اندر طویل عرصہ سے جنگ کا آغاز کر رکھا ہے۔ وہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ ان حالات میں کہ جب امریکہ اس خطہ سے بدترین شکست کھا کر نکل رہا ہے پاکستان میں خوفناک کھیل کھیلتے ہوئے آخری حربہ کے طور پر شیعہ اور سنی مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کا خون بہایا جا رہا ہے تاکہ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جائے‘ پاکستانی ایک دوسرے کا خون بہاتے رہیں اور پھر انہیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک میں اپنے ایجنڈے پورے کرنے کا موقع مل سکے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ قوم صبر و استقامت کا دامن تھامے رکھے اور ملک میں فرقہ وارانہ دہشت گردی پروان چڑھانے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے تمام تر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرونک و پرنٹ میڈیا دشمنان اسلام کی جانب سے شیعہ سنی فسادات پھیلانے کی سازشیں ناکام بنانے اور ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔