نگران وزیراعظم کیلئے حکومت یا اپوزیشن نے کوئی پیشکش نہیں کی‘ اچکزئی
اسلام آباد (جاوید صدیق) پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ میں نے آصف علی زرداری اور نوازشریف دونوں سے کہا ہے کہ اگر وہ نگران وزیراعظم اور نگران حکومت پر متفق نہ ہو سکے اور جمہوریت کو نقصان پہنچا تو قوم آپ دونوں کو اس سانحہ کا ذمہ دار قرار دے گی۔ گزشتہ روز امریکی سفارت خانہ امریکی یوم صدر کی تقریب میں نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے ابھی تک نگران وزیراعظم بننے کی حکومت یا اپوزیشن نے کوئی پیشکش نہیں کی۔ تین ماہ پہلے مجھے نوازشریف نے کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کے طور پر آپ کا نام ہماری فہرست میں شامل ہے۔ محمود خان اچکزئی سے پوچھا گیا کہ کچھ حلقوں کا خیال ہے آپ نگران وزیراعظم اس لئے نہیں بننا چاہتے کہ اس طرح آپ اگلے انتخابات میں امیدوار نہیں بن سکتے تو محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پہلے جمہوریت کو بچانا ہے‘ امیدوار بننے یا نہ بننے کی بات بعد کی ہے۔ مسٹر اچکزئی نے کہا کوئی ٹیکنوکریٹ یا اس طرح کا کوئی شخص ملک میں فیئر اور فری انتخابات نہیں کراسکتا۔ کوئی باعزم اور ہمت والا شخص ہی پاکستان کو جمہوریت کے راستے پر رکھ سکتا ہے۔