پارٹی ٹکٹ کیلئے بھاری فیس سے غریب کارکنو ں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی
لا ہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کی جانب سے پارٹی ٹکٹوں کیلئے درخواستیں طلب کئے جانے کے بعد ان پارٹیوں کے قربانیاں دینے اور برے حالات میں بھی اپنی پارٹی وابستگی قائم رکھنے والے غریب کارکنو ں کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے کہ ان پارٹیوں نے ٹکٹ دینے کیلئے قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی فیسیں الیکشن کمشن کی کاغذات نامزدگی کی فیسوں سے کئی گنا زیادہ مقرر کر رکھی ہیں۔ الیکشن کمشن کی قومی اسمبلی کیلئے فیس آٹھ ہزار اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے چار ہزار ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کیلئے 50 ہزار، صوبائی اسمبلیوں کیلئے 30 ہزار، پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کیلئے فیس 40 ہزار، صوبائی اسمبلیوں کیلئے 30 ہزار اور مسلم لیگ (ق) نے قومی اسمبلی کیلئے 20 ہزار اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے 20 ہزار روپے رکھی ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے بعض مرد و خواتین کارکن ایسے ہیں جنہوں نے دور آمریت میں کئی بار جیلیں کاٹیں حتیٰ کہ اپنی عیدیں بھی جیلوں میں گزاریں مگر آج وہ اپنی پارٹیوں کی جانب سے الیکشن لڑنے کے لئے رکھی گئی فیسوں کے باعث الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہر کرنے کے قابل بھی نہیں رہے، ٹکٹیں ملنا تو بہت دور کی بات ہے۔