پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے‘ جلیانوالہ باغ واقعہ شرمناک تھا: برطانوی وزیراعظم ‘ معافی مانگنے سے انکار
نئی دہلی (بی بی سی + اے پی پی + اے پی اے ) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ بھارت اور برطانیہ دونوں دہشت گردی کا شکار رہے ہیں۔ ممبئی حملوں کے مجرموں کو فوری سزا ملنی چاہیئے۔ پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث افراد کے خلاف موثر کارروائی کو یقینی بنائے، انہوں نے جلیانوالا باغ کا بھی دورہ کیا اور 1919میں ہلاک ہونے والے پر امن مظاہرین کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ برطانیہ کی تاریخ کا سب سے شرمناک واقعہ تھا۔ کیمرون کا کہنا تھا کہ اٹلی سے خریدے جانے والے آگستا ہیلی کاپٹروں میں ہونے والی کرپشن کے خلاف تحقیقات میں ہر قسم کی حمایت کر سکتا ہے۔ ڈیوڈکیمرون ممبئی اور دہلی کے بعد امرتسر پہنچے جہاں انہوں نے سکھوں کی زیارت گاہ گولڈن ٹیمپل میں حاضری دی اور جلیانوالا باغ بھی گئے۔ جلیانوالا باغ میں ڈیوڈ کیمرون نے1919 میں ہلاک ہونے والے پرامن مظاہرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور یادگار پر پھول چڑھائے۔ برطانوی فوجیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے سیکڑوں افراد کی یادگار پر پھول چڑھانے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جلیانوالہ باغ میں جو کچھ ہوا اسے بھلایا نہیں جاسکتا۔ گزشتہ روز دہلی میں میڈیا کو بیان میں ڈیوڈ کیمرون نے پاکستان اور ممبئی حملوں کا بھی ذکر کیا۔ جلیانوالہ باغ واقعہ پر معافی سے انکار کر دیا۔ ڈیوڈ کیمرون نے مہمانوں کے کتاب میں سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ یہ برطانوی تاریخ کا شرمناک واقعہ ہے۔ ونسٹن چرچل نے صحیح طور پر اسے ایک عفریت قرار دیا تھا۔ برطانوی وزیراعظم نے بعدازاں سکھوں کے مقدس عبادت گاہ گوردوارہ گولڈن ٹمپل میں بھی حاضری دی۔ نوآبادیاتی فورسز نے 1919ءمیں جلیانوالہ باغ میں ایک ہزار سے زائد بے گناہ شہری مار دئیے تھے۔