لاہور میں دس ماہ کا بچہ خسرہ سے زندگی کی بازی ہار گیا
لاہور(آن لائن) پنجاب میں خسرے کا مرض تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے، لاہور میں دس ماہ کا بچہ زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ صوبے بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 122 بچوں میں مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں خسرے کے مرض میں مبتلا دس ماہ کے محمد سائیں کو دو روز قبل داخل کروایا گیا جو رات گئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ تین ماہ کے دوران پنجاب بھر میں خسرے سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے، ترجمان محکمہ صحت کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، ڈیرہ غازی خان، گجرات، قصور سمیت دیگر اضلاع میں مزید 122 بچوں میں خسرے کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد4 ہزار 547 تک جا پہنچی ہے۔