ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے: نصیب سیفی
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے حلال میٹ کے کنوینئر نصیب احمد سیفی نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مینوفیکچرنگ بڑھانے کی ضرورت ہے بالخصوص ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتیں چوبیس گھنٹے چلنا ضروری ہیں لیکن بجلی اور گیس کے بدترین بحران نے انہیں پریشان کر رکھا ہے جس کی وجہ سے صنعتیں بنگلہ دیش اور دیگر ممالک منتقل ہو رہی ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ توانائی کا بحران فوری طور پر حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو اشیاءپاکستان میں بن رہی ہیں ان کی امپورٹ فوراً بند کی جائے جیسا کہ چین اور بھارت کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بننے والی مشینری اگر کوئی صنعت سازی میں استعمال کرنا چاہے تو اسے ہر قسم کی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دے دیا جائے جس سے صنعت سازی کا رحجان بڑھے گا۔