نادہندگان 25 فروری تک معاملات نمٹا لیں‘ 26 کو رپورٹ الیکشن کمشن کو دیدیں گے: گورنر سٹیٹ بنک
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے و قت رپورٹ) گورنر سٹیٹ بنک یاسین انور نے کہا ہے کہ کون نادہندہ ہے اور کون نہیں اس بات تعین کمیٹی کرے گی تاہم ڈیفالٹر، ڈیفالٹر ہوتا ہے چاہے قومی بنک کا ہو یا نجی بنک کا، نادہندگان کی فہرستیں تیار ہیں تاہم 25 فروری تک مہلت ہے اگر نادہندگان بنکوں سے معاملات کو طے کر کے قرض ری شیڈول کرا لیتے ہیں یا واپسی کے دورانیے میں توسیع کرا لیتے ہیں تو 26 فروری تک نئی فہرست تیار ہو سکتی ہے۔ یاسین انور نے سینٹ کی خزانہ کمیٹی کو بریفنگ میں کہا کہ ناہندگان کا ڈیٹا آن لائن ہے نیشنل بنک سے مزید ڈیٹا درکار ہے، نادہندگان 25 فروری تک بنکوں کے معاملات نمٹا سکتے ہیں بصورت دیگر 26 فروری کو الیکشن کمشن کو حتمی رپورٹ پیش کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ آفات کے متاثرین کا قرض معاف ہوا وہ بنک نادہندہ نہیں، ایسی صنعتیں جو کہ بجلی کے بحران اور امن و امان کی وجہ سے دیوالیہ ہو کر نادہندہ ہیں ان کا فیصلہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق ہو گا۔ گورنر سٹیٹ بنک یاسین انور نے کہا ہے کہ بنکوں کو اپنی مختلف خدمات پر چارجز کم کرنے کیلئے کہا ہے کھاتہ دہندگان کے اکا¶نٹس میں کم از کم رقم کے متعلق مرکزی بنک کی کوئی خصوصی ہدایات نہیں ہیں۔ گورنر سٹیٹ بنک نے بتایا کہ الیکشن کمشن کی کمیٹی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوارں سے متعلق کام کرے گی اور یہ کمیٹی ہی اس بات کا تعین کرے گی کہ کون نادہندہ ہے اور کون نہیں سٹیٹ بنک رولز ریگولیشن اور قوانین کے تحت اپنا کردار ادا کرے گا۔