جشن بہاراں فیسٹیول : 60 کالجز‘ یونیورسٹیز کے طلبہ مقابلوں میں حصہ لیں گے
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ چیف منسٹر یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے زیراہتمام 23، 24، 25 فروری کو الحمرا کلچرل کمپلیکس میں جشن بہاراں 2013 ”نئے رنگ بہار کے“ نام سے منعقدکیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے چیف منسٹر یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کے زیراہتمام نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں عامر سہیل صدر چیف منسٹر یوتھ موبلائزئشن کمیٹی پنجاب سمیت دیگر عہدہ دران نے بھی شرکت کی۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ چیف منسٹر یوتھ موبلائزئشن کمیٹی نوجوانوں میں آگاہی کے حوالے سے ہر سطح پر نمایاں کارکردگی سامنے رہی ہے۔ جشن بہاراں فیسٹیول میں لاہور کے تقریباً 60کالجز اور یونیورسٹیز کے ہزاروں طلباءو طالبات ڈرامہ، پینٹنگ، کیلی گرافی، فوٹو گرافی اور کائٹ ڈیزائننگ، سنگنگ کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ لاہور کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا مقابلہ اور میلہ ہوگا۔ یوتھ فیسٹیول میں بنائے جانے والے عالمی ریکارڈز نوجوانوں کی بھر پور شرکت کے بغیر ممکن نہیں تھے۔ نوجوانوں کو متحرک رکھنے اور رہنمائی دےنے کے لئے چیف منسٹر یوتھ موبلائزیشن کمیٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔چیف آرگنائزر سپورٹس بورڈ پنجاب رانا مشہود نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے عارضی ملازمین کو مستقل کرانے کیلئے سمری جلد حکومت پنجاب کو پیش کردی جائے گی۔ قذافی سٹیڈیم سمیت کھیلوں کا تمام انفراسٹرکچر پنجاب حکومت کی ملکیت ہے، یہ پی سی بی کی بدقسمتی ہے کہ وہ بین الاقوامی معیار کے اتنے بڑے انفراسٹرکچر سے فائدہ نہیں اٹھا سکا۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاﺅن میں بنائے جانے والا خواتین کرکٹ سٹیڈیم کو پی سی بی کے کنٹرول میں ہرگز نہیں دیا جائے گا۔ ویمن سٹیڈیم کے نظم و ن نسق کو چلانے کیلئے نو رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں پی ایچ اے، سپورٹس بورڈ پنجاب سمیت دیگر اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بنائے گئے انڈور جمنیزیم اور سوئمنگ پول سمیت دیگر نامکمل منصوبوں کی تکمیل کیلئے کنٹریکٹرز کو فنڈ جاری کر دئیے گئے ہیں جو ایک ماہ میں کام مکمل کرکے حکومت کے حوالہ کر دیں گے۔ یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب اور دیگر ایونٹس کے انعقاد کے حوالہ سے جلد پروگرام کا اعلان کیا جائے گا جبکہ فیسٹیول میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے۔