• news

تمام صوبوں میں ہم خیال جماعتوں سے انتخابی مفاہمت کریں گے : نوازشریف

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+ ثناءنیوز+آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے سندھ کی طرح دیگر صوبوں میں بھی ہم خیال جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت کی جائے گی۔ نواز شریف نے واضح کیا آئین کے تحت مقررہ مدت میں انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر تمام اپوزیشن جماعتوں میں ہم آہنگی برقرار ہے۔ مشترکہ حکمت عملی کے تحت ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔ آئین کے مطابق منصفانہ و غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ تمام سیاسی و جمہوری شراکت داروں کو انتخابی عمل میں مساوی مواقع ملنے چاہئیں۔ غیر آئینی طور پر کسی کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو اس کے خطرناک اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پنجاب ہاﺅس میں پارٹی کے سرکردہ رہنماﺅں کے مشاورتی اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ظفرالحق، چودھری نثار، اسحاق ڈار، پیر صابر شاہ، سردار مہتاب احمد، اقبال ظفر جھگڑا، خواجہ محمد ہوتی، خواجہ محمد آصف، امیر مقام اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی۔ خیبر پی کے میں تنظیمی طور پر درپیش مسائل کے حل اور اختلافات دور کرنے کے لیے پیر صابر شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ کمیٹی کو خیبر پی کے میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ انتخابی مفاہمت، سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابی اتحاد کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ کمیٹی کو کہا گیا ہے فوری طور پر اس بارے میں ر ابطے شروع کردئیے جائیں۔ رپورٹ پارٹی قیادت کو فراہم کی جائے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور، قومی و صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل، انتخابات کی تاریخ، نگران حکومتوں کے سیٹ اپ کے بارے میں حکمت عملی طے کر لی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا یکم مارچ سے خیبر پی کے کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ (ن) کے تحت انتخابی جلسے ہوں گے۔ پارٹی صدر نواز شریف ان جلسوں سے خطاب کریں گے۔ کمیٹی کو فوری طور پر صوبے کے مختلف علاقوں میں ان جلسوں کا شیڈول طے کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس طرح باضابطہ طور پر خیبر پی کے میں مسلم لیگ (ن) اپنی انتخابی مہم شروع کردے گی۔ قبل ازیں پنجاب ہاﺅس میں پیپلزپارٹی خیبر پی کے کے سابق جنرل سیکرٹری دوست محمد خان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے ملاقات کی، پارٹی کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا باضابطہ طور پر جلسے میں اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائیں گے۔ نوازشریف نے اس موقع پر کہا آئندہ انتخابات کے حوالے سے قومی معاملات پر ملکی سمت متعین ہوگی۔ اس لیے عوام سوچ بچار سے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم جاننا ہے اور اسی مفاد کے تحت ہم انتخابی میدان میں اتریں گے۔ مزید برآں نوازشریف کے مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات و سابق سفیر جاوید ملک نے گزشتہ روز نوازشریف سے یہاں ملاقات کی اور انہیں مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے سالانہ رپورٹ پیش کی۔ آن لائن کے مطابق سوات سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری دوست محمد خان نے صوبے کے تمام ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اصولی فیصلہ انہوں نے نوازشریف سے ملاقات کے دوران کیا تاہم مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان وہ آئندہ چند روز میں سوات میں انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔ ثناءنیوز کے مطابق جمعیت علماءاسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے قیام امن کے معاملے پر کل جماعتی کانفرنس کے لئے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف اور جماعت اسلامی کے سربراہ سید منور حسن سے ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں۔ دونوں قائدین سے وفد کے ہمراہ ملاقاتیں بھی ہونگی۔ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں جے یو آئی (ف) کا وفد آج (جمعہ کو) لاہور میں سید منور حسن، 25 فروری کو رائےونڈ میں نواز شریف سے ملاقاتیں کرے گا۔ گزشتہ روز پختونخوا ملی پارٹی کے صدر محمود خان اچکزئی، عوامی نیشنل پارٹی کے نائب صدر سینیٹر حاجی عدیل، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیر پاﺅ، متحدہ کی ڈپٹی کنوینیئر سینیٹر نسرین جلیل، بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے صدر سردار اسرار اﷲ زہری اور دیگر رہنماﺅں سے جے یو آئی (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدر ی کی قیادت میں وفد نے ملاقاتیں کیں اور اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن