• news

غیر معمولی دور سے گزر رہے ہیں‘ غیر معمولی ردعمل کی ضرورت ہے : وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے ہم غیر معمولی دور سے گزر رہے ہیں جس کے لئے غیر معمولی ردعمل کی ضرورت ہے ہم نے دور رس اصلاحات کیں جس کے بارآور ہونے میں وقت لگے گا ایڈمنسٹریٹو سروس ایسوسی ایشن کے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں آزاد عدلیہ آزاد میڈیا اور خودمختار پارلیمنٹ ہے۔ جمہوری نظام کی پائیداری کی ضرورت پر سب کا اتفاق ہے۔ سول انتظامیہ عوامی مسائل کا حل نکالے اور ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے حکومت نے سرکاری ملازمین کی بہتری کیلئے کوششیں کیں۔ مزیدبرآں وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو تھرمل پاور پلانٹس کو بلاتعطل گیس وتیل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی جب کہ تھرمل پاور پلانٹس کو گیس وتیل کی فراہمی کےلئے جامع منصوبہ بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کےلئے موثر روڈ میپ تیار کیا جائے۔ اے پی پی کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے چوتھے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا قدرتی آفات سے نمٹنے کےلئے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن نے قدرتی آفات سے پیدا ہونے والی صورتحال سے موثر اور فعال طریقے سے نمٹنے کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن پالیسی ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کے قیام کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے کہا سرکاری ملازمین کو حکومت کے لئے نہیں بلکہ حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہئے، نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کو پراجیکٹ مینجمنٹ کے بارے میں ایک ایسا کورس متعارف کرانا چاہئے تاکہ سرکاری ملازمین کو پراجیکٹ کی منصوبہ بندی بہتر سے بہتر بنانے کی تربیت مل سکے، اس کے بغیر کوئی کوئی بھی سرکاری ملازم گریڈ 20 میں ترقی نہیں پا سکے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن