کراچی میں فائرنگ، 2 افراد قتل، رینجرز کا آپریشن، مطلوب ملزم ہلاک، اہلکار زخمی
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں جمعرات کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور چھ افراد زخمی ہو گئے۔ فیروز آباد کے علاقے میں طارق روڈ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے موچی کی دکان پر فائرنگ کی جس سے عبادت خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ادھر سہراب گوٹھ کے علاقے میں سپر ہائی وے پر براق پٹرول پمپ کے نزدیک سے ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد اور گلا گھونٹ کو ہلاک کیا گیا تھا۔ لانڈھی بابر مارکیٹ کے نزدیک فائرنگ سے دو افراد جعفر اور عبدالحمید زخمی ہو گئے۔ لیاری میں محمد جنید اور میٹھادر کے علاقے میں صرافہ بازار کے نزدیک غلام محمد کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا جبکہ ماری پور میں فائرنگ سے پولیس اہلکار آصف حسین اور اسحاق زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں سی آئی ڈی پولیس کے انسداد انتہا پسندی سیل نے مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم سمیت پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، پانچ دستی بم، دو کلاشنکوفیں، تین پستول اور بڑی تعدا دمیں گولیاں برآمد کرلیں ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم خان کے مطابق ملزمان عادل خان ، ذاکر ، معین، ساجد اور محمد انور کی گرفتاری نیو کراچی میں نالہ سٹاپ کے قریب سے عمل میں آئی۔ علاوہ ازیں رینجرز کے ٹارگٹڈ آپریشن میں بدنام زمانہ مطلوب ملزم راشد ریکھا ہلاک جبکہ 8 افراد گرفتار کر لئے گئے۔ راشد ریکھا کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔ کھارادر، کھڈا مارکیٹ اور اولڈ سٹی ایریا میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن میں انتہائی مطلوب ملزم ہلاک ہوا جبکہ فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوا۔