امریکی میڈیا نے کوئٹہ حملوں کا ملبہ لشکر طیبہ پر ڈال دیا
واشنگٹن (این این آئی) امریکی میڈیا نے کوئٹہ حملوں کا ملبہ لشکر طیبہ پر ڈال دیا۔ وائس آف امریکہ کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ کوئٹہ کی ہزارہ برادری پر اس حملے سے حکومت کو ندامت اٹھانی پڑی ہے، کیونکہ اِس سے محض پانچ ہفتے قبل شہر میں ایک ایسے ہی حملے میں 100ہزارہ جاں بحق ہوئے تھے۔ حملوں کی فوج کی طرف سے بھی بڑی کڑی تنقید ہوئی ہے جن سے ملک میں ہونے والے فرقہ وارارنہ خون خرابے کو روکنے میں ملک کی سکیورٹی سروسز کی ناکامی آشکارا ہوئی ہے۔ وزیر اعظم پرویز اشرف نے شیعہ برادری کی تسلی کےلئے ایک چھ رکنی وفد کوئٹہ بھیجا اور اس حملے کےلئے ذمہ دار انتہاپسندوں کے خلاف ڈھونڈ ڈھونڈ کر کارروائی کرنے کا وعدہ کیا۔ اخبار کے مطابق عام طور پر باور کیا جاتا ہے کہ ان کا تعلق انتہا پسند فرقہ وارانہ تنظیم لشکر طیبہ سے ہے۔ اخبار کے مطابق کوئٹہ میں ان دونوں حملوں کی ذمہ داری کا دعویٰ اسی تنظیم نے کیا ہے، تاہم اس کے باوجود وہ بلوچستان میں کھلم کھلا سرگرم عمل ہے اور اس کے لیڈر ملک میں بلاخوف و خطر گھوم پھر رہے ہیں اور فرقہ وارارنہ منافرت پھیلا رہے ہیں۔