افغانستان سے حملوں پر تشویش ہے‘ ڈرون حملے ہر صورت روکے جائیں : زرداری
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اے پی اے+آن لائن) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے ڈرون حملے غیر موثر ہیں، امریکہ ڈرون حملوں کی پالیسی پر نظر ثانی کرے، افغانستان سے پاکستان پر ہونے والے حملوں پر تشویش ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کوشش کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے وفد سے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، دہشتگردی کیخلاف جنگ اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صد ر زرداری نے کہا ڈرون حملے سود مند ہونے کی بجائے نقصان کا باعث بن رہے ہیں انہوں نے اس حوالے سے حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے کہا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بیشمار قربانیاں دیں ان قربانیوں کو تسلیم کرنا ضروری ہے پاکستانی فوج مشکلات کے باوجود دہشتگردی کیخلاف مثالی کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کیخلاف آپریشن کے لیے فوج کو طویل المدت تعاون کی ضرورت ہے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کثیر الجہتی ہیں پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے امریکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات پر توجہ دے پانی اور توانائی کی ضروریات کیلئے بھاشا ڈیم اور دیامر ڈیم ناگزیر ہیں پاکستان توانائی ، زراعت ، لائیوسٹاک کے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے بھاشا ڈیم میں امریکی معاونت قابل تحسین ہے۔ صدر زرداری نے دونوں ممالک کے ورکنگ گروپ اجلاس جس میں انسداد دہشتگردی ، توانائی، معیشت ، فنانس، دفاع، سلامتی، سٹرٹیجک استحکام کے حوالے سے امور زیر بحث آئے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید تعمیری ترقی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پانی پر بھی ورکنگ گروپ کا اجلاس جلد بلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے کہا اتحادی افواج افغانستان کی سرحدوں کو محفوظ بنائیں۔ بھارت کے ساتھ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر زرداری نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ آزادانہ تجارت چاہتا ہے اور ایک دوستانہ اور تعاون پر مبنی ایک اچھے ہمسائے جیسے تعلقات کا خواہاں ہے اور تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے۔ دریں اثناءصدر زرداری سے بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار مگسی نے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی اور صدر کو کوئٹہ دھماکہ کی تفتیش میں اب تک کی پیش رفت اور اس میں ملوث مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کئے گئے متعدد اقدامات بارے آگاہ کیا۔ اے پی اے کے مطابق صدر زرداری نے کہا ڈرون حملے ہر صورت روکے جائیں، ان حملوں سے عوام میں نفرت بڑھ رہی ہے۔ علاوہ ازیں ورلڈ سکاﺅٹس ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے سکاﺅٹ تحریک کیلئے بھرپور حمایت کرتے ہوئے سکاﺅٹس پر زور دیا ہے وہ انسانیت کی خدمت اور ملک میں امن کی کوششوں میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔مزید براں امریکی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رابرٹ مینڈز نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر حنا ربانی نے پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک رسائی کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں اے پی پی کے مطابق امریکی سینیٹر رابرٹ مینڈیز نے منگلا ڈیم کے دورے کے موقع پر کہا امریکہ پاکستان کو منگلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کیلئے 15کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کر رہا ہے ۔ امریکی عوام کو پاکستان میں بڑے پیمانے پر توانائی کے منصوبوں میں معاونت پر فخر ہے۔ ان منصوبوں کی بدولت اس سال کے آخر تک پاکستان کے قومی نظام میں 900میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہو گا جو ملک بھر میں تقریباً 20لاکھ گھروں کی ضروریات پورا کرنے کے لئے کافی ہوگا۔