• news

گورنر سندھ 4 دن کی چھٹی پر لندن چلے گئے، استعفیٰ کی افواہیں پھیلی رہیں

کراچی + دبئی (وقائع نگار + آن لائن + آئی این پی) ڈاکٹر عشرت العباد خان بدستور گورنر سندھ ہیں اور صدر نے ان کی 4 روزہ رخصت منظور کر رکھی ہے، وہ سیاسی صورتحال پر مشاورت اور مستقبل کے لائحہ عمل کے لئے پارٹی قیادت سے ہدایات لینے لندن گئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے بیرون ملک سے ان کی جانب سے استعفیٰ ایوان صدر فیکس کئے جانے کی خبر دی ہے لیکن گورنر سندھ کے ترجمان اور سرکاری حلقوں نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری بھی غیرملکی دورے پر دبئی چلے گئے ہیں۔ دریں اثناءآن لائن نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ عشرت العباد لندن جا کر مستعفی ہونے کا باضابطہ اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عشرت العباد کو پاکستان میں کسی صوبے کا سب سے طویل مدت تک گورنر رہنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن