• news

بینک اور ٹیکس نادہندگان کو نیٹ میں لانے کی مہم میں ناکامی کا خطرہ

اسلام آباد (سکندر شاہین / دی نیشن رپورٹ) الیکشن کمشن کی جانب سے ٹیکس اور بنک نادہندگان سیاستدانوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی مہم ناکامی کی جانب بڑھ رہی ہے۔ کیونکہ ایسے سیاستدانوں کی چھان بین کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ جن کے اثاثے بیرون ملک ہیں اور جنہوں نے اپنے قرضے ری شیڈول کرا رکھے ہیں۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی میں کچھ ترامیم کی ہیں جن کے تحت امیدواروں کو ٹیکس کی تفصیلات بتانا ہونگی تاہم اس میں خصوصی طور پر باہر سے آمدنی رکھنے والوں کی تفصیلات درج نہیں، یہ سب کچھ اس وقت تک بے فائدہ ہو گا جب تک الیکشن کمشن بیرون ملک اثاثے رکھنے والوں اور قرضے ری شیڈول کرانے والوں کے بارے میں کوئی حتمی حکمت عملی طے نہیں کرتا۔ یہ بات الیکشن کمشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے بتائی۔ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ایسے نادہندہ لوگوں کو روکنے کی ضرورت ہے۔ اطلاعات کے مطابق بے ضرر باڈی سیاستدانوں کے بیرون ملک اثاثوں اور قرضوں کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے کوئی اقدام کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن