حیدرآباد دھماکے ”انڈین مجاہدین“ نے کرائے‘ بھارتی اہلکار: ”ہمسایہ ملک“ ملوث ہے‘بی جے پی: مذمت کرتے ہیں‘ پاکستان
نئی دہلی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) بھارتی اپوزیشن جماعت بی جے پی نے حیدرآباد دکن بم دھماکوں کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمسایہ ملک خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور بھارت کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں مصروف ہے، لشکر طیبہ نے افضل گورو کی پھانسی کا بدلہ لینے کی بات کی تھی۔ بھارتی مےڈےا کے مطابق ایوان بالا کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بھارتی جنتا پارٹی کے رہنما وینکا نائیڈو نے الزام عائد کیا کہ ہمسایہ ملک خطے میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور بھارت کو عدم استحکام کا شکار کرنے میں مصروف ہے، کانگریس حکومت دہشت گردی کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔ لشکر طیبہ نے افضل گورو کی پھانسی کا بدلہ لینے کی بات کی تھی۔ جے کے ایل ایف کے رہنما یٰسین ملک اسلام آباد میں افضل گورو کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے مگر بھارتی حکومت نے اس کا نوٹس نہیں لیا۔ اجلاس میں بم دھماکوں کے مسئلے پر بی جے پی نے ہنگامہ آرائی کی اور ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔ دریں اثناءپاکستان نے حیدر آباد دکن میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت میں ہو اور کوئی بھی مقاصد ہوں، یہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے۔ پاکستانی عوام بھارتی عوام کے درد کو سمجھتے ہیں۔ دہشت گردی کا شکار ہونیوالوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دوسری جانب بھارتی تحقیقاتی ادارے نے کہا ہے کہ حیدر آباد بم دھماکوں میں انڈین مجاہدین ملوث ہیں۔ تحقیقاتی اہلکار کا کہنا ہے کہ دھماکوں میں بال بیرنگ ٹائمرز اور سائیکل کا استعمال کیا گیا، تمام منصوبہ بندی گذشتہ اگست میں پو نے میں بم دھماکوں کی اس منصوبہ بندی سے مماثلت رکھتی ہے جسے ناکام بنا دیا گیا تھا اور انڈین مجاہدین نے اس منصوبہ بندی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ رائٹر کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے کئی روز پہلے ان بم حملوں کے حوالے سے خبردار کر دیا تھا۔