• news

چنائی ٹیسٹ کا پہلا روز، آسٹریلیا نے بھارت کےخلاف 316 رنز بنا لئے

چنائی (آئی این پی) مائیکل کلارک اور موئسس ہینرکس کی شاندار بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا نے بھارت کےخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے ابتدائی روز کھیل ختم ہونے تک سات وکٹوںپر316رنز بنا لئے۔ تفصیلات کے مطابق چدمبرم کرکٹ سٹیڈیم میں چار میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے ایڈکوون اور ڈیوڈ وارنر نے اننگزکا آغاز کیا ، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں64رنز بنائے۔ ایڈکوون آﺅٹ ہونیوالے پہلے کھلاڑی تھے وہ 29 رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی بال پر دھونی کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارت کو دوسری وکٹ بھی جلد ملی، 72کے مجموعی سکور پر فلپ ہیوز6رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی بال پر بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد شین واٹسن بیٹنگ کےلئے کریز پر آئے اور وارنر کے ساتھ مل کر سکور آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 54 رنز کا اضافہ کیا، 126کے سکور پر شین واٹسن 28 رنز بنا کر ایشون کی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ ڈیوڈ وارنر آسٹریلیا کے آﺅٹ ہونیوالے چوتھے کھلاڑی تھے وہ 131کے سکور پر 59 رنز بنا کر ایشون کی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ اس کے بعد میتھیو ویڈ اور کپتان کلارک نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کا اضافہ کیا، 153کے سکور پر میتھیو ویڈ 12رنز بنا کر ایشون کی بال پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوئے۔ اس کے بعد مائیکل کلارک اور موئسس ہینرکس نے شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں151رنز بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن