• news

گجرات سے ہی الیکشن لڑوں گا، چاہے پوری پیپلز پارٹی سامنے آ جائے: پرویز الٰہی

گجرات (نامہ نگار) نائب وزیر اعظم چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ لاہور والوں کو گجرات کی عوام کا کوئی احساس نہیں اگر انہیں احساس ہوتا تو وہ شہباز پور پل کی تعمیر اور سیالکوٹ موٹروے کی تعمیر کو نہ رکواتے ہمیں گجرات والوں کا احساس ہے ہم نے گجرات کی عزت میں ہمیشہ اضافہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل 56 ملک اسحاق اعوان کی رہائش گاہ پر اور مظہر وڑائچ نت کی رہائش گاہ سمیت مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چودھری وجاہت حسین، میاں عمران مسعود، ملک اسحاق اعوان، مظہر وڑائچ نت، چودھری ارشاد بھی موجود تھی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم جیتےں یا ہارےں ہمارے رشتے ٹوٹنے والے نہیں ہیں۔ سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود نے کہا ہے کہ ہم اقتدار ہوں یا اپوزیشن میں ہم نے اہل گجرات سے وفا کا رشتہ قائم کیا ہے۔ ملک اسحاق اعوا ن نے کہا کہ عام انتخابات میں ہم چودھری پرویز الٰہی کو واضح اکثریت سے کامیاب کروا کر قومی اسمبلی میں بھیجیں اور یک جان ہو کر الیکشن لڑیں گے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وہ گجرات ہی سے الیکشن لڑیں گے چاہے پوری پیپلز پارٹی سامنے آکر کھڑی ہو جائے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ انہوں نے اور چودھری شجاعت حسین نے صدر زرداری اور پیپلز پارٹی کے رہنماو¿ں کو بتا دیا تھا کہ گجرات کی نشست پر کوئی سودے بازی نہیں ہو سکتی۔ جب پیپلز پارٹی کی حکومت سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں بلیک میل ہو رہی تھی تو ہم نے جمہوریت کے استحکام اور بلیک میلنگ روکنے کےلئے پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کیا تھا مگر آج بعض لوگ گجرات کی نشست پر ابہام پیدا کر رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن