• news

5 سال کا حساب دینے کو تیار ہیں‘ طاقت سے اقتدار میں آنے کے دروازے بند ہو گئے: وزیراعظم

سانگھڑ+ حیدر آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ جعلی ووٹوں کو ختم کر دیا ہے، آزاد الیکشن کمشن، عدلیہ اور میڈیا کی موجودگی میں دھاندلی نہیں ہو سکتی، طاقت کے بل بوتے پر اقتدار میں آنے کے راستے بند کر دیئے ہیں، سانگھڑ میں اپنے آبائی علاقے چک 11میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے عوام کو ووٹ کا حق دیا، شہید ذوالفقار علی بھٹو سے پہلے عام آدمی کو ووٹ ڈالنے کا حق نہیں تھا، جب پی پی پی حکومت آئی تو ملک کے حالات بہت خراب تھے سوات اور مالاکنڈ میں دہشت گردوں نے قبضہ کرکے قومی پرچم اتار دیا تھا لیکن پیپلزپارٹی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی اور افواج پاکستان کے ساتھ مل کر سوات اور مالاکنڈ میں امن و امان بحال کیا اور قومی پرچم لہرایا ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی رہنما وعدے کرتے ہیں کہ اقتدار میں آکر پنجاب سمیت تمام صوبوں میں ترقیاتی کام کریں گے لیکن میں انہیں آگاہ کر دوں پانچ سال میں ہمارے ترقیاتی منصوبے گزشتہ 65 سال پر حاوی ہیں، ترقیاتی کاموں پر عوام کی عدالت میں جانے کیلئے تیار ہیں وزیراعظم نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں شفاف انتخابات کرائے گی۔ پی پی پی نے جعلی ووٹوں کو ختم کردیا ہے اب کوئی طاقت کے بل پر اقتدار میں نہیں آسکتا الیکشن کمشن ‘ عدلیہ اور میڈیا خود مختار ہیں دھاندلی نہیں ہوسکتی، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جان دے کر قومی پرچم کو بلند کیا جبکہ شہید محترمہ بے نظیر نے اپنے خون کا نذرانہ دے کر اس کی عظمت میں مزید اصافہ کردیا۔ وزیراعظم نے سانگھڑ میں ایک ارب 70کروڑ روپے کی لاگت سے مواصلات، تعلیم اور صحت کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہاکہ اب طاقت کے زور پر کوئی اقتدار میں نہیں آئے گا ‘ مستقبل میں پیپلزپارٹی ہی حکومت بنائے گی‘ انتخابات مکمل شفاف ہوں گے، میرا اصل ضلع سانگھڑ ہے جہاں میں نے زندگی کے ابتدائی دن گزارے۔ اس ضلع کے مجھ پر بہت قرض ہیں جو میں چاہوں تو بھی نہیں چکا سکتا۔ ضلع سانگھڑ کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں کےلئے 25کروڑ روپے کا اعلان کرتا ہوں، انتخابات مکمل طور پر شفاف ہوں گے۔ پیپلزپارٹی نے ملک وقوم کی خاطر مفاہمت کی پالیسی اختیار کی،آج عدلیہ اور آزاد میڈیا جمہوریت کی ہی تو نشانیاں ہیں۔حیدر آباد کے قریب اپنے آبائی علاقے کے کالج میں جہاں انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سال میں وہ انقلابی اقدامات کئے جو 65 سال میں کوئی نہ کر سکا تھا، ہم نے صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی، وہاں کے لوگوں کو ان کے وسائل پر ان کو اپنا حق دیا۔ انتخابات کا میدان سجنے والا ہے جس میں عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کو متحد ہونا پڑے گا۔ ٹاک شوز میں باتیں کرنے والے عوام کے مسائل سے باخبر نہیں ہیں، جمہوری انداز میں منتخب کی گئی اسمبلی پہلی دفعہ اپنی آئینی مدت پوری کر رہی ہے، میں نے چیف الیکشن کمشنر کی ہدایت کے مطابق فنڈز کے اجراءپر پابندی لگا دی ہے لیکن چیف الیکشن کمشنر نے خود کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کی ترقی کیلئے فنڈز کی اجازت دی جا سکتی ہے اس لئے آج میں اس گورنمنٹ کالج کی ترقی کیلئے 50 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر رہا ہوں، مسائل کو حل کرنے کیلئے پارلیمنٹ اور جمہوریت کا مضبوط ہونا ضروری ہے، ایک آمر نے پاکستان کے متفقہ آئین کا حلیہ بگاڑ دیا تھا جسے پیپلز پارٹی اپنی اصل حالت میں لے آئی، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے جمہوریت کا مضبوط ہونا ضروری ہے۔ جلد انتخابات ہونیوالے ہیں، وطن سے محبت اور لگن ملکی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اپنے پانچ سال کا حساب دینے کو تیار ہیں اگر دہشت گردی، مہنگائی پر کنٹرول کرنا ہے تو پارلیمنٹ کا مضبوط ہونا ضروری ہے، ہر جگہ حساب دینے کیلئے تیار ہیں۔ آئین کو اصل صورت میں پیپلز پارٹی نے پیش کیا۔ پہلی دفعہ اسمبلی نے اپنی مدت پوری کی ہے۔ ڈکٹیٹر نے آئین پاکستان کا نام تبدیل کردیا۔چند دن کی بات ہے ہم اور ہمارے خلاف بات کرنیوالے عوام کی عدالت میں ہونگے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ نہ صرف ملک کی توانائی کی کمی کے مسئلہ کو حل کرنے میں معاون ہوگا بلکہ ملک کی معیشت بھی بہتر ہوگی گورنمنٹ کالج حیدر آباد کے صحن میں پودا لگانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ ابتداءمیں بھارت بھی اس گیس پائپ لائن منصوبے میں شامل تھا پاکستان توانائی کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ایران کے ساتھ معاہدے میں داخل ہوا جس سے اس کی معیشت پر بڑا بوجھ آگیا وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ‘ وفاقی وزراءسید نوید قمر ‘ مولا بخش چانڈیو اور صوبائی وزراءپیر مظہر الحق اور زاہد بخاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم پرویز اشرف نے چک نمبر 11میں اپنے پہلے سکول کا دورہ کیا اور کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے کہاکہ اپنے پہلے تعلیمی ادارے کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوئی جہاں میں کلاس ون میں داخل ہوا، سکول کی عمارت اور تعلیم کے معیار نے بہت متاثر کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن