ڈگریوں کی تصدیق کیلئے ڈیڈ لائن ختم نہیں ہوئی‘ 15 روزہ مدت خط ملنے کے بعد شروع ہو گی: الیکشن کمشن
اسلام آباد (آئی این پی) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن محمد افضل نے کہا ہے ارکان پارلیمنٹ کو ڈگریوں کی تصدیق کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن ختم نہیں ہوئی، الیکشن کمشن نے آئین، قانون اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی روشنی میں ڈگریاں طلب کی ہیں اور 250 ارکان پارلیمنٹ کیلئے تشکیل دی گئی 8 رکنی کمیٹی کے اگر کوئی تحفظات ہیں تو وہ الیکشن کمشن سے رجوع کرے ۔ محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کی اسناد کی تصدیق کرانے کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن ابھی ختم نہیں ہوئی اور تعلیمی اسناد کی تصدیقی نوٹس کے بعد 15روز کے اندر کرائی جاسکتی ہے۔ 250 ارکان پارلیمنٹ نے جن کے پاس میٹرک اور ایف اے کی اسناد موجود ہیں مگر ان کا خیال ہے کہ یہ صرف الیکشن کمشن اپنی یقین دہانی کیلئے مانگ رہی ہے ایسا نہیں ہے۔ اسناد کے حوالے سے ہم نے سپریم کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا اور انہوں نے بھی واضح احکامات دیئے تھے۔ تمام ارکان پارلیمنٹ کو التجا کی تھی کہ وہ اپنی اسناد جمع کرائیں او ر50 ارکان نے اپنی اسناد کی کاپیاں جمع کرا دیں ہیں۔الیکشن کمشن نے واضح کیا ہے کہ ڈگریوں کی تصدیق کے لئے دی گئی ڈیڈلائن عملاً آئندہ پیر 4 مارچ کو ختم ہوگی، 2 ہفتے کی مدت ارکان کو کمشن کے خط کی وصولی کی تاریخ سے شروع ہوگی۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق کے لئے انہیں لکھے گئے خط کی ڈیڈ لائن اس روز سے شروع ہوگی جس روز انہیں یہ خط موصول ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخر الدین جی ابراہیم اور سیکرٹری الیکشن کمشن اشتیاق احمد خان نے چودھری نثار سمیت ارکان پارلیمنٹ کو ڈگریوں کی تصدیق کیلئے خطوط ارسال کرنےوالے ڈائریکٹر لیگل ثناءاللہ کو جواب طلبی کےلئے پیر کو طلب کرلیا۔ معتبر ذرائع نے بتایا چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری الیکشن کمشن نے ڈائریکٹر لیگل کی جانب سے انہیں اعتماد میں لئے بغیر ارکان پارلیمنٹ کو لکھے گئے خطوط میں ڈگریوں کی تصدیق کیلئے 15 دن کی مہلت دینے کا شدید نوٹس لیا ہے۔