• news
  • image

خواہش ہے عمران خان‘ وسیم اکرم‘ وقاریونس‘ شعیب اختر جیسی کارکردگی دکھاﺅں : وہاب ریاض

 لاہور( حافظ محمد عمران) قومی ٹیم میں شمولیت محنت کا ثمر ہے، بھرپور پرفارمنس دیکر ٹیم کی کامیابی کیلئے پوری کوشش کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار دورہ¿ جنوبی افریقہ کیلئے ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا حصہ بننے والے فاسٹ باﺅلر وہاب ریاض نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا فارم میں ہوں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار پرفارمنس سے اعتماد بحال ہوا ہے۔ ٹیم میں ”اِن آﺅٹ“ ہوتے رہنے کے حوالے سے وہاب ریاض نے کہا کہ میں نے کبھی حوصلہ نہیں ہارا اور ہمیشہ اپنے کھیل میں بہتری پیدا کرنے کے لئے کام کیا ہے۔ کوشش ہوگی کہ ایسی پرفارمنس دوں کہ جس سے ٹیم میں مستقل جگہ بنا سکوں۔ سابق کپتان اور عظیم فاسٹ باﺅلر عمران خان نے مفید ٹپس دی ہیں اور باﺅلنگ میں بہتری کیلئے مشورے بھی دئیے ہیں۔ میں ان پر عمل کرنے کی پوری کوشش کروںگا۔گیم بیٹ میں گلوکار رفاقت علی خان بھی بطور مہمان شریک تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں اور وکٹ کیپنگ کرتے رہے ہیں۔ انہیں کرکٹ کا بے حد شوق ہے،پاکستانی ٹیم کا کوئی میچ وہ نہیں چھوڑتے۔ بھارت کے خلاف میچ ہوتو ان کی ساری فیملی جوش و خروش سے میچ دیکھتی ہے۔رفاقت علی خان نے آنے والی فلم سے ایک گیت ” مینڈاں یار وی تُوں“ اور مشہور گیت ”چاند سے چہرے کا صدقہ بھی اتارا کیجئے“ سنایا۔ وہاب ریاض نے بتایا کہ وہ اتوار کی رات جنوبی افریقہ کیلئے روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ ٹیم کے ساتھ مل کر چند روز پریکٹس کریں گے اور پھر ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں کیلئے ٹیم کا حصہ بن جائیںگے۔ فاسٹ باو¿لر نے کہا کہ وہ وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر اور عمران خان جیسی کارکردگی اور کارناموں کی خواہش رکھتے ہیں۔ رفاقت علی خان نے کہا کہ اگر وہاب ریاض کو مسلسل اور مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ وسیم اکرم کا بہترین متبادل ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن