واشنگٹن: ڈرون حملوں کیخلاف پاکستانی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ
واشنگٹن( آن لائن) واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر طلبا نے ڈرون حملوں کےخلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر شیری رحمن کا کہنا تھا کہ دہشت گردی روکنے کے اور بھی راستے ہیں جس پر امریکی حکومت کو غور کرنا چاہئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کے باہر کوڈ پنک نامی این جی او اور جارج میسن یونیورسٹی کے طلبا نے ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کیا جس میں پاکستانی نژاد امریکیوں اور امریکی شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈورن حملے فوری رکوائے جائیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے پاکستانی سفیر شیری رحمن سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان امریکہ کے سامنے یہ معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھائے۔ شیری رحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موقف اس حوالے سے واضح ہے ڈرون حملوں سے شدت پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے۔