• news

انتخابات میں عوام بدعنوان حکمرانوں کا بے رحمانہ احتساب کرینگے: نواز شریف

چکوال (نمائندہ نوائے وقت+ ثناءنیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں نااہل اور بدعنوان حکمرانوں کا بے رحمی کے ساتھ عوامی احتساب ہو گا، پوری قوم آنے والے شفاف انتخابات کے لئے ذہنی طور پر تیار ہو چکی ہے تاہم جمہوریت مخالف قوتیں بھی پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں۔ یہ قوتیں شفاف انتخابات کا راستہ روکنا چاہتی ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کو جن مخدوش حالات سے دوچار کر دیا ہے نئی منتخب حکومت ہی قوم کو ان بحرانوں سے باہر نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارٹی رہنما لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ماڈل ٹاو¿ن لاہور میں نوازشریف سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ 18 کروڑ عوام آنے والے انتخابات میں نااہل اور بدعنوان حکمرانوں کا بے رحمی کے ساتھ احتساب کریں گے۔ ہم نے اپنے عمل سے اپنا آپ منوایا۔ یہی وجہ ہے کہ پوری قوم اس وقت ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔ ہم قوم کی توقعات پر پورا اُتریں گے۔ حکومت کو فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دینا چاہئے۔ حکمران اس وقت بہاولپور جنوبی پنجاب جیسے غیر سنجیدہ عمل میں پھرتی دکھا رہے ہیں جس کا کوئی قانونی اور آئینی جواز نہیں۔ عبدالقیوم نے میاں نواز شریف کو آنے والے انتخابات کے حوالے سے ضلع چکوال کی مجموعی سیاسی صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ آنے والے انتخابات میں ضلع چکوال کی تمام چھ نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن