ٹیسٹ سیریز میں شکست‘ سابق کرکٹرز بورڈ‘ کھلاڑیوں پر برس پڑے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کی جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست پر سابق ٹیسٹ کرکٹرز بورڈ اور کھلاڑیوں پر برس پڑے ہیں۔ شکست کی اصل وجہ پلیئرز پاور کا جنم لینا اور پسند اور ناپسند ہے۔ صدر مملکت بری شکست پر فوری طور پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کریں جو ایماندار لوگوں پر قائم ہو اور اصل حقائق قوم کے سامنے لا سکے۔ سابق چیئر مین اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کی بد ترین شکست پرنہ صرف ٹیم انتظامیہ بلکہ چیئر مین پی سی بی کو بھی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہئے، چئیر مین پی سی بی کے دعوﺅں اور ٹیم کی کا ر کردگی میں فرق ہے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل ٹیم کی کا ر کردگی بہترتھی مگر اس سیریز میں ٹیم کی بدترین شکست اس بات کی عکاس ہے کہ کہیں نہ کہیں گڑ بڑ ہے۔ سابق فاسٹ با¶لر سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ نے سیریز کے آغاز سے قبل ہی پاکستان ٹیم کی کمزوریوں پر ہوم ورک مکمل کر رکھا تھا جبکہ ہمارے ہاں سفارشی کھلاڑیوں کو شامل کر کے پوری قوم کو شرمندہ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی شکست میں پاکستان کرکٹ بورڈ میں کام کرنے والے انتخاب عالم، محمد الیاس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جو کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کو غلط مشورے دے رہے ہیں۔