سنچورین ٹیسٹ : بیٹنگ ناکام‘ قومی ٹیم کو بدترین شکست‘ جنوبی افریقہ کا کلین سویپ
سنچورین (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقہ نے کائل ایبٹ اور ڈیل سٹین کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 18رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی۔ میچ کا فیصلہ تیسرے ہی روز ہو گیا۔ فالو آن کے بعد بھی پاکستانی بلے باز سنبھل نہ سکے اور پوری ٹیم نے 235رنز پر ہتھیار ڈال دیئے۔ عمران فرحت 43، سرفراز احمد 40 اور سعید اجمل 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ڈیل سٹین نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیبیو ٹیسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر کائل ایبٹ مرد میدان قرار پائے جبکہ اے بی ڈی ولیئرز کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ تیسرے روز پاکستان نے دوسری نامکمل اننگز 14 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگزکی شکست دے بچنے کے لئے 239 رنز درکار تھے۔ پاکستانی بیٹنگ لائن ایک بار پھر بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 235 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی۔ عمران فرحت 43 ، سرفراز احمد 40 اور سعید اجمل 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ اظہر علی 27 ، یونس خان 11 ، کپتان مصباح الحق 5 ، اسد شفیق 6 ، احسان عادل 12 اور راحت علی 22 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین سب سے کامیاب باﺅلر رہے انہوں نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کائل ایبٹ اور روری کلینویلڈ نے دو، دو جبکہ روبن پیٹرسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ڈیبیو ٹیسٹ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر کائل ایبٹ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ سیریز میں 352 رنز سکور کرنے پر اے بی ڈی ولیئرز کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔قومی ٹیم کی سیریز میں شکست کے بعد کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ ورلڈ نمبر ون کہلانے کی مستحق ہے۔ پاکستانی کھلاڑی ٹیم کی حیثیت سے نہیں کھیلے جس کی وجہ سے تینوں ٹیسٹ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ کامیابی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں بھی جیتنے کی کوشش کرینگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔