• news

جماعت اسلامی کراچی میں انجینئرڈ انتخابات کسی صورت قبول نہیں کرے گی: محمد حسین محنتی

لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلا می کراچی اور سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا تقرر اور جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی پر عملدرآمد نہ ہونا توہین عدالت ہے کراچی میں ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کراچی میں ”انجینئرڈ“انتخابات کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی کے لئے پاک فوج گھر گھر جاکر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ موجودہ جعلی ووٹرلسٹوں کے تحت انتخابات کروائے گئے تو کراچی خونخوار درندوں کے ہاتھوں یرغما ل ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پریس کلب لاہور میں ”پریس کانفرنس“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرحافظ نعیم الرحمان، برجیس احمد اور فاروق چوہان بھی موجود تھے محمد حسین محنتی نے کہا کراچی ایم کیو ایم مافیاکے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے۔ آزاد عدلیہ اور فوج کراچی میں پر امن،شفاف اور آزادانہ انتخابات کو ممکن بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن سندھ ابھی تک سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کرا سکا یہ اس کی نااہلی اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔ کراچی میں آئندہ چند روز میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نئی حلقہ بندیوں اور جعلی ووٹر لسٹوں کی درستگی نہ کی گئی تو کراچی کی تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کے آفس کے باہر شدید احتجاج کریں گے۔کراچی مسلسل ٹارگٹ کلنگ،بھتہ مافیااور بوری بند لاشوں کی تصویر پیش کررہا ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے امن و امان قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ کراچی کی موجودہ تشویشناک صورتحال کی ذمہ دار ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتیں ہیں۔کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں گزشتہ چار برسوں میں سات ہزارافراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ کراچی کا امن تباہ و برباد ہوگیا۔2012میں 673بوری بند لاشیں مل چکی ہیں اور 2013میں بھی ٹارگٹ کلنگ،بوری بند لاشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مقتدر حلقوں کا یہ فرض ہے سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عملدرآمد کروائےں۔کراچی میں بدامنی اور ٹارگٹ کلنگ،علمائے اکرام اور سیاسی رہنماﺅں کا قتل ایک قومی مسئلہ ہے جس کے حل کے لئے تمام قومی،سیاسی اور دینی جماعتوں کو مشترکہ لائحہ عمل ترجیحی بنیادوں پر اختیار کرنا چاہئے۔ جرائم پیشہ افراد جن کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ان کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق سخت کاروائی کریں۔

ای پیپر-دی نیشن