• news

خیبر ایجنسی میں بمباری سے 4 شدت پسند جاں بحق، شمالی وزیرستان میں کرفیو نافذ

خیبر ایجنسی (اے پی اے+آن لائن) خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ اور دوا توئی میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 4 شدت پسند جاں بحق اور ان کے تین ٹھکانے تباہ ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے جیٹ طیاروں سے بمباری کی۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے، کارروائی کے دوران کئی علاقوں کو شدت پسندوں سے خالی کرا لیا گیا ہے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق شمال وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ مدت تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ آن لائن کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے تھانہ کینٹ کی حدود میں اے این پی کے مقامی رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی راست باز خان کے گھر کے مین دروازے پر نصب پانچ کلو بم کو ناکارہ بنا دیا اس سے قبل بھی متعدد بار مذکورہ مکان اڑانے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ بم ریموٹ کنٹرول تھا۔

ای پیپر-دی نیشن