ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی‘ رپورٹ طلب‘ ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان....
لاہور (چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین چوہدری ذکاءاشرف نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی ناقص ترین کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ سے جواب طلب کر لیا ہے کہ شکست کی وجوہات بتائی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کو کہا گیا ہے کہ اپنی خفیہ رپورٹ تیار کر کے بھجوائیں اور اس بارے میں کوئی رائے قبل از وقت نہ دیں تاکہ ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی میڈیکل ٹیم سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی کہ انہوں نے کھلاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ کس معیار کو جانچ کر دیا تھا کیونکہ دورہ میں اکثر پاکستانی کھلاڑی انجری مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فاسٹ باولر عمر گل اور ٹی ٹونٹی کے کپتان محمد حفیظ کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کرکے انہیں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی تک محدود رکھنے کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ہونے والی وائٹ واش شکست کے بعد قومی ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کا مستقل بنیادوں پر تقرر کے بارے میں غور شروع کر دیا گیا ہے۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے رزلٹ پر ہو گا، قومی ٹیم اگر ایک روزہ میچوں میں بھی ناکام ہوئی تو جون 2013ء انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں نئے ون ڈے کپتان کا تجربہ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے جوہانسبرگ ٹیسٹ میچ میں 211 رنز سے، کیپ ٹاون ٹیسٹ میں چار وکٹوں سے جبکہ سنچورین ٹیسٹ میں اننگز اور 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔