ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے شیڈول ترتیب دیدیا‘ سائیکلنگ کے فروغ کیلئے اکیڈمیز بنائیں گے : منور بصیر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر منور بصیر نے کہا ہے کہ ایشین سائیکلنگ فیڈریشن قومی سائیکلسٹ کی تربیت کے لئے پاکستان کا دورہ کرینگے۔ ایشین اور ساوتھ ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کا مضبوط دستہ بھجوایا جائے گا جو ملک کا نام روشن کرئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس جنرلسٹ ایسوسی ایشن لاہور (سجال) کے میٹ دی پریس پروگرام میں کیا۔ اس موقع پر سجال کے صدر سید علی ہاشمی، سیکرٹری چوہدری اشرف، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے نائب صدر طارق علوی، پنجاب سائیکلنگ کے صدر معظم خان سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ منور بصیر کا کہنا تھا کہ ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کی منظور شدہ نہیں ہے لہذا اگر کوئی گروپ پاکستان میں ان کا انعقاد کراتا ہے تو اس کا انٹرنیشنل یا پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستانی کوچز کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹرینڈ کرنے کے لئے ایشین سائیکلنگ فیڈریشن نے اپنے کوچز بھجوانے کا وعدہ کیا ہے۔ 5 مارچ سے بھارت میں منعقد ہونے والی ایشین سائیکلنگ چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے قومی مرد و خواتین سائیکلسٹ کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جنہیں بھرپور تیاری کرائی جا رہی ہے تاکہ چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کوئی نمایاں پوزیشن حاصل کر سکے۔ ہماری باڈی نے 2011ءمیں ہونے والے انتخابات میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی تھی جسے انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن بھی تسلیم کرتی ہے۔ یو سی آئی نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی نمائندہ تنظیم کی بھرپور سپورٹ جاری رکھیں گے باقی کسی دوسرے گروپ کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ گراس روٹ لیول پر نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے شیڈول ترتیب دیا ہے جس میں زیادہ سے زیادہ قومی مقابلوں کا انعقاد کرایا جائے گا۔ ماضی میں سائیکلنگ کے کھیل کے ساتھ زیادتیاں ہوتی رہی ہیں جو اب نہیں ہونگی اور کھلاڑیوں کو ان کا اصل حق ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی پرائیویٹ اداروں نے پاکستان سائیکلنگ کی ترقی کے لئے مالی سپورٹ کا یقین دلایا ہے جن کی مدد سے اپنے کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹورنامنٹس میں بھجوائیں گے۔ سائیکلنگ کے فروغ کے لئے سائیکلنگ اکیڈمیز بنائی جائیں گی اس سلسلہ بھی پہلی اکیڈمی کا آغاز پنجاب سے کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں سپورٹس جنرلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید علی ہاشمی نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔