محکمہ تعلیم بلوچستان میں غیرقانونی بھرتیاں، 5 افسر برطرف، سابق ڈائریکٹر گرفتار
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ + ثناءنیوز) نیب نے بلوچستان پبلک سروس کمشن کی وساطت سے محکمہ تعلیم میں غیر قانونی بھرتیاں کرنے پر سابق ڈائریکٹر سکولز محمد یوسف کو گرفتار کر لیا جبکہ جعلی ڈگری اور میرٹ کے خلاف بھرتی کئے گئے محکمہ تعلیم کے پانچ افسروں کو برطرف کر دیا گیا ہے جن میں بلوچستان پبلک سروس کے چیئرمین کی دو بیٹیاں بھی شامل ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پبلک سروس کمشن اشرف خان نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنے اہل خانہ کو محکمہ تعلیم میں غیرقانونی طور پر بھرتی کیا کچھ روز قبل میڈیا میں خبر نشر ہونے پر نیب نے نوٹس لیا اور اس بارے میں مکمل تحقیق کی جس سے ثابت ہوا چیئرمین پبلک سروس کمشن نے اپنی دو بیٹیوں کو جعلی ڈگریوں پر محکمہ تعلیم میں اونر بھرتی کرایا جس پر سابق ڈائریکٹر سکولز محمد یوسف کو گرفتار کرکے جعلی ڈگریوں اور میرٹ کے خلاف بھرتی کئے گئے پانچ افسروں کوبرطرف کردیا گیا ان میں چیئرمین کمشن اشرف خان کی دونوں بیٹیاں بھی شامل ہیں۔ نیب حکام کے مطابق دو درجنوں افراد کو محکمہ تعلیم میں جعلی ڈگریوں اقربا پروری کی بنا پر بھرتی کیا گیا جس سے اہل افراد کی حق تلفی ہوئی۔