• news

زرعی ٹیوب ویلوں کیلئے فلیٹ ریٹ، گھریلو صارفین کو ریڈنگ کارڈ جاری ہونگے

اسلام آباد (آئی ا ین پی) وزیراعظم کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلوں کےلئے فلیٹ ریٹس پر بجلی کی ترسیل کےلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ صوبہ پنجاب، سندھ اور خیبرپی کے میں زرعی ٹیوب ویلوں کو آٹھ گھنٹے روزانہ کی بنیاد پر ہارس پاورکے حساب سے فلیٹ ریٹس لاگوکئے جائیں گے، تمام گھریلو صارفین کی سہولت، انہیں اضافی بل سے بچانے اور بجلی چوری کے تدارک کےلئے ہر صارف کو ایک ریڈنگ کارڈ کا اجراءکیا جائےگا۔ پیرکو وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا تیسرا اجلاس وزارت امورکشمیر میں ہوا جس میں میاں منظور وٹوکے علاوہ وزیر دفاع سید نوید قمر، وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ، سیکرٹری خزانہ اور وزارت پانی وبجلی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کو فلیٹ ریٹس پر بجلی مہیا کرنے سے سوفیصد ریونیو حاصل ہوگا اور وزارت خزانہ سے اس سلسلے میں کوئی اضافی سبسڈی حاصل نہیں کی جائے گی اس اقدام سے بجلی کی چوری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام گھریلو صارفین کی سہولت، انہیں اضافی بل سے بچانے اور بجلی چوری کے تدارک کےلئے ہر صارف کو ایک ریڈنگ کارڈ کا اجراءکیا جائے گا جس پر ہر مہینے کی ریڈنگ نوٹ کی جائے گی اور اس پر صارف اور میٹر ریڈر دونوں دستخط کریں گے اور یہ کارڈ صارف کے پاس رہے گا۔

ای پیپر-دی نیشن