• news

مزید 15 ارکان پارلیمنٹ کا ڈگریوں کی تصدیق کے لئے ایچ ای سی سے رابطہ

اسلام آباد (نامہ نگار) ہائر ایجوکیشن کمشن (ایچ ای سی) کی جانب سے 35 ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق ہو چکی جبکہ 214 ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق ہونا باقی ہے، گذشتہ روز مزید 15 ارکان پارلیمنٹ نے ڈگریوں کی تصدیق کے لئے ایچ ای سی سے رابطہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کا پانچ رکنی سیل فوری طور پر ڈگریوں کی تصدیق کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ مزید 214 پارلیمنٹیرین کی ڈگریوں کی تصدیق ہونا باقی ہے جن کی جانب سے تاحال رابطہ نہیں کیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی تصدیق ہونے کے بعد ایچ ای سی کی جانب سے الیکشن کمشن کو فوری طور پر آگاہ کر دیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایچ ای سی بی اے، ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کی تصدیق کرتا ہے تاہم تصدیق کرتے وقت میٹرک یا ایف اے کی اوریجنل اسناد کو دیکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ واضح رہے جعلی ڈگری کے حامل انیس ارکان پارلیمنٹ کے کیسز عدالتوں میں زیر التوا ہیں یہی وجہ ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ڈگریوں کی تصدیق میں ہچکچاہٹ سے بہت سے شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن