غیرذمہ دارانہ بھارتی روئیے نے نیوکلیئر ایشیا کا امن خطرے سے دوچار کردیا: چودھری عبدالمجید
سرینگر (اے این این) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کہا ہے کہ نیوکلیئر ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ بھارت کے غیرذمہ دارانہ روئیے نے نیوکلیئر ایشیا کے امن کو مسلسل خطرات سے دوچار کررکھا ہے۔ امن پسند دنیا بھارت کو عالمی امن برباد کرنے سے باز رکھے۔ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔ بھارت کیخلاف جنگی جرائم کے ٹربیونل میں مقدمات درج کرائینگے۔ بھارت کے غاصب حکمرانوں نے بھارتی جنتا کو خوش کرنے کیلئے نہ صرف افضل گورو کو پھانسی دی بلکہ بھارتی آئین، جمہوریت اور امن کو تختہ دار پر چڑھا دیا۔ افضل گورو کی شہادت سے ساری دنیا میں آباد کشمیریوں کو سراپا احتجاج بنا دیا۔ افضل گورو کی پھانسی جوڈیشل مرڈر ہے اور اقوام عالم انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر یہاں کشمیر ہاﺅس میں کل جماعتی بین الاقوامی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے لہو کا نذرانہ دیکر مسئلہ کشمیر کو فلیش پوائنٹ بنا دیا۔ دنیا میں آباد تارکین وطن کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ تحریک آزادی کے اس نازک مرحلے پر عالمی سطح پر اپنی کوششوں کو تیز تر کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ تارکین وطن انٹرنیشنل میڈیا میں کشمیر ایشو کو اسکے حقیقی تناظر میں اجاگر کریں۔