• news

بھارت گرفتار کشمیریوں کو غیرمشروط طور پر رہا کرے: حریت کانفرنس (گ)

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)حریت کانفرنس (گ) نے سیاسی قائدین و ارکان کی غیرمشروط اور بلاتاخیر رہائی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ جبر و اکراہ اور تشدد کی سرکاری پالیسی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا اور قوم آزادی کے اپنے مطالبے سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوگی۔ ترجمان حریت کانفرنس نے افضل گورو کے جسد خاکی کے حصول کو ملت کیلئے ایک مشترکہ کاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس اور اس سے وابستہ اکائیاں ایک مشترکہ پروگرام پیش کرنے کیلئے اپنے عہد کیلئے وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں ہر سطح پر اپنا دست تعاون فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بندوق اور زورزبردستی کے بل پر لوگوں کی زبانوں پر تالے چڑھانے سے امن قائم ہوگا نہ لوگ آزادی کے اپنے دیرینہ مطالبے سے دستبردار ہونگے۔ تشدد کی سیاست میں یقین رکھنے والے بھارت کے حکومتی اداروں اور پولیس کو متنبہ کرتے ہوئے حریت نے کہا ہے کہ اس طرح کے غیرآئینی اور غیراخلاقی اقدامات سے دور دور تک امن کے امکانات معدوم ہونگے اور بنیادی حقوق کی بازیابی کیلئے جاری جدوجہد میں شامل لوگوں کو خوفزدہ کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ حریت قائدین اور وابستگان تحریک کی گرفتاری کو حکومت کی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوچ و اپروچ پر قدغن لگانے سے نئی نسل کو یہ سوچنے کا موقع مل گیا ہے کہ گھٹن کے اس ماحول کے خاتمے کیلئے بہرحال اسکے سوا کوئی اور راستہ نہیں کہ ایک منظم اور مربوط طریقہ کار اختیار کرکے ریاستی جبر کو ریاست بدر کریں اور آزادی کی شمع کو فروزاں رکھنے کیلئے جدوجہد کو اور منظم اور مربوط کیا جائے۔ بیان میں حریت کانفرنس کے مشتہر کئے گئے پروگرام کو من و عن عملانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شہید محمد افضل گورو کے جسد خاکی کی واپسی کے مطالبے کیلئے دیگر حریت پسند تنظیموں سے مسلسل رابطے کیلئے دیگر حریت پسند تنظیموں سے مسلسل رابطے کے بعد قوم کے سامنے ایک مشترکہ پروگرام رکھا جائیگا اور اس سلسلے میں مکمل یکجہتی اور تعاون کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن