• news

ماضی میں انتخابی نتائج جی ایچ کیو میں بنتے رہے‘ اب مزاحمت کرینگے: ساجد میر

ملتان (نامہ نگار خصوصی) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ پروفیسر علامہ ساجد میر نے کہا ہے موجودہ حکومت ملک کی تاریخ کی بدترین حکومت ہے۔ اس دور حکومت میں پاکستان کی آزادی‘ خود مختاری سوالیہ نشان بن کر رہ گئی۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے مل کر اپنے ہی لوگوں کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنوایا۔ ڈرون حملوں کا روڈ میپ پاکستان کے اندر موجود ہے۔ پیپلز پارٹی الیکشن جیتنے کے لئے نئے صوبے کا راگ الاپ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ عنایت اللہ رحمانی‘ علامہ خالد محمود ندیم و دیگر ہمراہ تھے۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا ڈرون حملے فوجی سیاسی قیادت کی ملی بھگت سے ہو رہے ہیں۔ ڈرون حملوں پر احتجاج کے نام پر قوم کو طفل تسلیاں دی جاتی ہیں۔ پاکستان کے عوام موجودہ حکومت سے نجات اور تبدیلی چاہتے ہیں۔ الیکشن ہی تبدیلی کا واحد راستہ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے منصفانہ الیکشن کرائے جائیں۔ ماضی میں انتخابات کے نتائج جی ایچ کیو میں بنتے رہے ہیں۔ اس دفعہ انتخابی نتائج کو چرایا گیا تو مزاحمت کریں گے۔ الیکشن کمشن تبدیلی لا سکتا ہے، کرپشن کو ختم کیا جائے تو ملک ترقی کرے گا۔ آئین کے مطابق نئے صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں لیکن نئے صوبوں کی آڑ میں کسی ایک صوبے کو ٹارگٹ نہ کیا جائے البتہ جہاں سے نئے صوبے کی آواز بلند ہو اس پر کان دھرا جائے۔ امریکہ اپنے مقاصد کیلئے موجودہ سیاسی عسکری قیادت کو برقرار دیکھنا چاہتا ہے۔ طالبان سمیت کسی سے بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔ قبل ازیں علامہ ساجد میر ممبر رویت ہلال کمیٹی علامہ خالد محمود ندیم کے گھر گئے اور ان کی صاحبزادی کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی۔

ای پیپر-دی نیشن