7 مارچ کو این اے 149 ملتان سے انتخابی مہم شروع کروں گا: شیخ رشید,جاوید ہاشمی سے مقابلہ ہو سکتا ہے
ملتان (سپیشل رپورٹر) عوامی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما و قائد شیخ رشید احمد نے کہا ہے 7 مارچ کو این اے 149 ملتان سے انتخابی مہم شروع کروں گا۔ آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو خونیں انقلاب آئے گا۔ ملتان کے عوامی مسلم لیگ کے ضلعی صدر بابو اکرم انصاری سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرے نمائندے بھی ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے دیگر حلقوں سے کھڑے ہونگے۔ انہوں نے کہا کوئٹہ میں عوام لاشوں کو اٹھا کر احتجاج کر رہے ہیں اور حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا وہ 7 مارچ کو ملتان آ کر باقاعدہ حلقہ این اے 149 سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرینگے۔ توقع ہے ملتان کے اس حلقہ کا الیکشن سیاسی دنگل میں تبدیل ہو جائے گا۔ تحریک انصاف سے ان کا الحاق نہ ہونے کی صورت میں ان کا مقابلہ تحریک انصاف سے ان کے پرانے حریف مخدوم جاوید ہاشمی، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ‘ مسلم لیگ (ن) اورق کے امیدواروں کے علاوہ پی پی پی سے بھی ہو سکتا ہے۔