6 مزدوروں کے قتل کے خلاف ژوب میں شٹر ڈاون، دھرنے، شاہراہیں بلاک
ژوب (آئی این پی) پسنی میں چھ مزدوروں کے قتل کے خلاف بشر دوست کاروان کی کال پر ژوب شہر میں مکمل شٹر ڈاﺅن رہا، ژوب کوئٹہ ڈی آئی خان قومی شاہرائیں بلاک کر دی گئیں۔ مرکزی چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بشردوست کاروان کے رہنماﺅں مولوی عبدالمنان، حافظ حضرت گل، مولوی نیک محمد، کاکڑ جمہوری پارٹی کے رہنما نواز خان، ٹریڈ یونین کے صدر حاجی جمعہ رحیم اور آدم کبزئی نے پسنی میں چھ مزدوروں کی بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی دہشت گردی اور حکومتی نااہلی ہے۔ حکمرانوں کو حکمرانی کوئی حق نہیں۔ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بھی دہشت گردی پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ عدلیہ بھی بے گناہ پشتونوں کے قتل پر خاموش ہے اگر تین دن کے اندر قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ دریں اثناءواقعہ کے خلاف پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے بھی احتجاجی ریلی ضلعی سیکرٹریٹ سے نکالی گئی۔ جس میں سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے شرکت کی۔ احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماﺅوں حاجی نصیب خان، عبید اللہ خان، میروائس خان نے کہا کہ عرصہ دراز سے بلوچ علاقوں میں بے گناہ پشتونوں کا قتل عام جاری ہے اور سانحہ دشت کے چند ماہ بعد ایک دفعہ پھر پشتونوں کو بلوچ دہشت گردوں کے ہاتھوں گولیوں سے چھلنی لاشوں کا تحفہ دیا گیا۔