سندھ میں پیپلز پارٹی کا بندوبست کر لیا، زرداری سے ہمیشہ کیلئے جان جھوٹ جائیگی: رانا ثنائ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کالعدم تنظیموں سے روابط کے رحمان ملک کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے الزامات فیڈریشن کوکمزور کرنے کے مترادف ہیں جس پر رحمان ملک پر مقدمہ درج ہونا چاہیے‘ پانچ سالہ دور میں ہونےوالی کرپشن کی کنجی رحمان ملک کے پاس ہے اسکا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اوراگر انہیں تین دن کے ریمانڈ پر میرے حوالے کیا جائے تو ان سے لوٹ مار کی اتنی رقم برآمد ہو گی جس سے ملک کے قرضے اتارے جا سکتے ہیں‘ ناچنا گانا پیپلزپارٹی اور اسکے کارکنوں کا وطیرہ ہے پیپلز پارٹی کی حکومت نے پانچ سالوں میں جو لوٹ مار کی ہے اس پر انہیں ماتم کرنا چاہیے‘ فنکشنل لیگ اور نیشنل پیپلزپارٹی سے اتحاد کے بعد سندھ میں پیپلزپارٹی کا بندوبست کر لیا ہے، ہمارے پاس جتنی گنجائش تھی پیپلز پارٹی کے اتنے لوگ ہمارے پاس آ چکے ہیں، راجہ ریاض بھی آنا چاہتے ہیں لیکن اب ہمارے پاس گنجائش نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پنجاب اسمبلی کے احاطے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں جو اتحاد کئے ہیں اس سے یہ امید پیدا ہو گئی ہے کہ اب قوم کی کرپٹ ٹولے سے ہمیشہ ہمیشہ کےلئے جان چھوٹ جائےگی۔ انہوں نے کہا رحمان ملک کے الزامات ملک کو توڑنے کے مترادف ہیں رحمان ملک مستند غیر ملکی ایجنٹ ہیں۔ لیکن حیرت ہے کہ وفاقی حکومت اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتی ہے ‘ پنجاب حکومت نے دہشتگردوں کے نیٹ ورکس توڑے ہیں ۔میں واضح الفاظ میں کہتا ہوں کہ ہمارے کسی بھی کالعدم تنظیم سے کسی بھی طرح کے کوئی روابط ہیں اور نہ ہی ہم نے اتحاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی لحاظ سے ہمیں آئی ایس آئی کے کردار سے اختلاف ہے لیکن دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے اسکا کردار قابل تعریف ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف میں اس وقت چار گروپ بن چکے ہیں ‘ اگر ایوان اقبال میں ایک دوسرے کو جوتے مارے گئے تو کیا ایسا پنجاب حکومت کے کہنے پر کیا گیا؟۔