سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ چودھری سرور تحریک انصاف ساہیوال کے رہنما مسلم لیگ (ن) میں شامل
ساہیوال (نامہ نگار) برطانوی پارلیمنٹ کے سابق رکن چودھری سرور اور تحریک انصاف ساہیوال ڈویژن کے آرگنائزر چودھری عمران ادریس نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا وہ ساہیوال میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ضلع ساہیوال حاجی احسان الحق ادریس، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری محمد ارشد ملک، ایم پی اے ارشد جٹ اور مسلم لیگی عہدیداران کی کثیر تعدا موجود تھی۔ چودھری عمران ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تحریک انصاف میں شمولیت ملک اور قوم کی خدمت کے لئے کی تھی اور تحریک انصاف اسکاٹ لینڈ کے صدر اور ساہیوال ڈویژن کے آگنائزر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیتا رہا ہوں لیکن جب میں نے دیکھا کہ تحریک انصاف اصل مقاصد سے روگردانی کر رہی ہے تو میں نے پارٹی کو چھوڑ دیا اُنہوں نے کہا کہ میری نظر میں اس وقت مسلم لیگ (ن) ہی وہ واحد جماعت ہے جو صحیح معنوں میں پاکستان کو اس وقت موجودہ بھنور سے نکالنے کے لئے نواز شریف کی قیادت میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ ملک ندیم کامران نے مجھ سے رابطہ قائم کر کے مجھے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دی اور میں نے اُن کی دعوت قبول کرتے ہوئے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کر لی ۔اس سے قبل چودھری محمد سرور نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا اُنہوں نے بتایا کہ اُن کے تقریباً 4سو کے قریب ساتھی (ن) لیگ میں شامل ہو رہے ہیں ۔ اس تقریب میں شیخ افضل، محمد سلیم ارشاد، سلیم چودھری اور فیصل گوشی بھی شامل تھے۔ ملک ندیم کامران نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آنے والے ساتھیوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ ان کے آنے سے مسلم لیگ اور مضبوط ہوگی۔