آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کا منافع بڑھانے کا فیصلہ‘ پٹرول مہنگا ہو گا‘ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی پی آئی اے کو لیز پر طیارے لینے کی اجازت
اسلام آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ + خبر نگار) اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ سلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پی آئی اے کیلئے 5 سال کے عبوری بزنس پلان کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے پٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹ کمپنیوں اور ڈیلرز کے منافع میں بھی اضافے کی منظوری دی جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ پی آئی اے کے نازک مالی حالات کے پیش نظر رواں سال میں پی آئی اے کو 49 بلین روپے کی تازہ گارنٹی فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں وزارت دفاع کی طرف سے پی آئی اے کو 46 ملین ڈالر حکومت کی ضمانت یا اس کے بغیر فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس رقم سے پی آئی اے چھوٹی باڈی کے 5 ہوائی جہاز خریدے گی۔ اجلاس میں پی آئی اے کیلئے مزید 33.5 بلین روپے قرضے کی گارنٹی کا معیار جون 2013ءتک بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل بنک کے ذریعے پی آئی اے کو 13.50 بلین روپے قرضے کی فراہمی کی گارنٹی دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت مقرر کرنے کیلئے فارمولہ منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔ جس کی منظوری دی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کیلئے 12 ارب روپے کے بیل آ¶ٹ پیکج‘ نیلم جہلم منصوبے کیلئے 20 ارب روپے فنڈنگ کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق 2013ءتک کیلئے دیئے جانے والے پیکج کے تحت پی آئی اے پانچ سے سات جہاز لیز پر حاصل کرے گی تاہم کوئی نیا جہاز نہیں خریدے گی۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز کیلئے پٹرول پر مارجن میں 25 اور ڈیزل پر مارجن میں 10 پیسے کا اضافہ کر دیا گیا۔ اسی طرح ڈیلرز کیلئے پٹرول پر مارجن میں 41 پیسے جبکہ ڈیزل پر 10 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ فیصلے کے بعد پٹرول کی قیمتوں میں 66 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں 20 پیسے فی لٹر اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ بنک گارنٹیز پی آئی اے کے بیل آ¶ٹ پیکج کیلئے ہیں‘ جس سے پی آئی اے کیلئے کم ایندھن استعمال کرنے والے طیارے خریدے جا سکیں گے۔ پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کو جدید طیاروں کو لیز پر حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جدید طیاروں کی بیڑے میں شمولیت سے شیڈول میں بہتری آئے گی بلکہ جدید طیاروں کی بدولت فیول اور مینٹی نینس کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے حکومت کی جانب سے پی آئی اے کو فراہم کردہ تمام گارنٹیوں میں توسیع دینے کی بھی منظوری دی اور اس کے ساتھ ایئر لائن کی جانب سے اضافی فنڈز کےلئے کی جانے والی درخواست بھی منظور کر لی۔