دہشت گرد جتنے مرضی دھماکے کر لیں الیکشن وقت پر ہونگے: رحمن ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ آئی این پی) وزیر داخلہ رحمن ملک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گرد جتنے مرضی دھماکے کر لیں ملک میں عام انتخابات وقت پر ہوں گے طالبان مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہیں تو وہ کسی سنجیدہ شخص کو سامنے لائیں۔ احسان اللہ احسان اپنی اصل شناخت سامنے لائیں میری کامیاب حکمت عملی نے طالبان کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ مولانا لدھیانوی نے رابطہ کر کے کہا ہے ان کا لشکر جھنگوی سے تعلق نہیں، وہ ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہیں ان سے کہا ہے وہ یہ بات میڈیا کو بتائیں۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے سامنے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا لشکر جھنگوی ملک میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اس سلسلے میں جلد ثبوت منظرعام پر لاﺅں گا۔ لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی صوبائی معاملہ ہے۔ آرمی چیف کا جمہوریت کی حمایت اور شفاف انتخابات کے یقینی انعقاد کے بارے میں بیان خوش آئند ہے۔ آرمی چیف کی جمہوریت پسندی کی وجہ سے اسمبلیاں پانچ سال پورے کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا سپریم کورٹ لشکر جھنگوی، خادم اعلیٰ اور مجھے طلب کرے اس بارے میں بیان خوش آئند ہے۔ آرمی چیف کی جمہوریت پسندی کی وجہ سے اسمبلیاں پانچ سال پورے کر رہی ہیں۔ لشکر جھنگوی کے خلاف کارروائی پنجاب حکومت نے کرنی تھی۔ لشکر جھنگوی کو بے گناہ افراد کے قتل عام پر توجہ کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا بے نظیر کے سارے قاتل پکڑے جا چکے ہیں اور ان کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔ آئی این پی کے مطابق گزشتہ روز ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیق نے رحمن ملک سے ملاقات کی اس موقع پر رحمان ملک نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکہ میں قید ان کی بہن ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔ فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر رحمن ملک کا شکریہ ادا کیا۔ رحمن ملک سے قومی اسمبلی کے رکن صاحبزادہ فضل کریم نے بھی ملاقات کی اور اپنے علاقہ کے نادرا اور پاسپورٹ سے متعلقہ مسائل اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔