• news

پاکستان اوباما سے عافیہ صدیقی کی سزا معاف کرنیکی اپیل کریگا: ذرائع دفتر خارجہ

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی باقی ماندہ سزا معاف کرانے کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے صدر امریکہ بارک اوباما کو اپیل ارسال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مثبت جواب نہ ملنے کی صورت میں امریکہ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان کے سپرد کیا جائے اور وہ امریکی عدالت کی سنائی گئی سزا پاکستانی جیل میں پوری کریں۔ مذکورہ دونوں خطوط وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے تیار کئے جائیں گے جنہیں وزارت خارجہ کے توسط سے امریکہ بھجوایا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے ایک ذریعے کے مطابق ڈاکٹر عافیہ کی رہائی یا پاکستان کے حوالے کرنے کی تازہ کوششوں سے بھی زیادہ امید وابستہ نہ کی جائے تاہم کچھ نہ کرنے سے بہتر ہے کہ اس سلسلے میں اوباما انتظامیہ پر دباﺅ برقرار رکھا جائے۔ یہ پہلی بار ہو گا کہ پاکستان امریکی صدر سے ڈاکٹر عافیہ کی سزا معاف کرنے کی اپیل کرے گا۔ ڈاکٹر عافیہ کے خاندان سے مشاورت کے بعد طے یہ کیا گیا ہے کہ کسی طور انہیں پاکستان واپس لایا جائے تاکہ وہ اپنے وطن میں زندگی کے باقی ماندہ دن گزاریں، اپنے بچوں ،والدہ، بہن اور دیگر اہل خانہ انہیں مل سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن