• news

قدرتی آفات میں اقوام متحدہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی: حنا ربانی کھر

اسلام آباد (وقت نیوز+ سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اداروں کے کردار کو سراہتا ہے۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں اقوام متحدہ نے پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے پاکستان میں متعین اقوام متحدہ کے تئیس اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ ان ملاقاتوں کا مقصد اقوام متحدہ اور پاکستان کے روابط اور تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی کے علاوہ اقوام متحدہ کے مقامی رابطہ کار ٹیموپکالا یو این ڈی پی، یو این ایف پی اے، یونیسف، ایف اے او، آئی ایل او، آئی ایف اے ڈی، آئی او ایم، یو این ہیبیٹیٹ، یو این ایڈز، یوناما، یونیسکو، یو این ایف پی اے، یو این ایچ سی آر، یونیک، یواین ایجم او جی آئی پی، یو این او ڈی سی، یو این او پی ایس، عالمی ادارہ خوراک، عالمی ادارہ صحت، یو این ڈی او، یو این ڈی ایس ایس، یو این ویمن اور اوچا کے نمائندوں نے اس ملاقات میں شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت اقوام متحدہ سے روابط کو بہت اہمیت دیتی ہے، انہوں نے قدرتی آفات، زلزلہ اور تباہ کن سیلاب کے دوران اقوام متحدہ کے تعاون کی تعریف کی۔

ای پیپر-دی نیشن