وزیراعلیٰ خیبرپی کے کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات، نگران وزیراعلیٰ کےلئے 9ناموں پر غور
پشاور (این این آئی) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی حیات آباد پشاور میںگئے جہاں انہوں نے اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی کی رہائشگاہ پر ان سے ملاقات کی۔ صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کےلئے مختلف ناموں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے دونوں رہنماﺅں نے ملاقات کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔ امیرحیدر خان ہوتی نے کہاکہ اس کاکریڈٹ درانی صاحب کو جاتا ہے کیونکہ ہماری جب بھی ملاقات ہوئی ہے اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے۔ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے ان کا اکرم خان درانی کے ساتھ یہ پہلا باضابطہ رابطہ ہے، مشاورت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ کیلئے9/ 8ناموں پر غورکیاگیا تاہم اگر مزید نام بھی آئے تو ان پر غورکیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہاں آنے سے پہلے انہوںنے پیپلزپارٹی سے رابطہ کیا تھا اور ان سے نام تجویز کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوںنے اچھے نام دئیے تھے۔ان ناموں کونہ صرف پیپلزپارٹی بلکہ ہم بھی سپورٹ کرتے ہےں ۔آج کی ملاقات میں دونوںطرف سے پیش کردہ ناموں پربات ہوئی ہے ۔ وہ ان ناموں پر اپوزیشن کی دیگرجماعتوںکوبھی اعتماد میں لیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب کی خواہش ہے کہ آئندہ انتخابات صاف اورشفاف ہوں۔