• news

استعفیٰ واپس لیکر دوبارہ ذمہ داریاں سنبھال لیں ‘ گورنر سندھ کو الطاف کا مشورہ

کراچی (خصوصی رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک خصوصاً سندھ میں امن و استحکام اور مختلف طبقوں کے مابین ہم آہنگی کی خاطر گورنر سندھ کے عہدے سے اپنا استعفیٰ فوری طور پر واپس لیکر دوبارہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور اسی دیانت داری سے عوام کی خدمت کرتے رہیں جس طرح وہ ماضی میں انجام دیتے آئے ہیں۔ الطاف حسین نے یہ بات ڈاکٹر عشرت العباد سے بدھ کی شب فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ گزشتہ دنوں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے مابین سیاسی اختلافات کے تناظر میں ایم کیو ایم نے حزب اختلاف میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے وزراء نے اپنی وزارتوں سے استعفے بھی دے دئیے تھے۔ ایم کیوایم کے اس فیصلے کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی گورنر شپ سے اپنا استعفی صدر مملکت کو ارسال کر دیا تھا اور اپنی علالت کے پیش نظر دبئی روانہ ہو گئے تھے۔ الطاف حسین نے ڈاکٹر عشرت العباد سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے گورنر سندھ کے عہدے سے اپنا استعفی رضاکارانہ طور پر دیا تھا تاہم تاجروں، صنعتکاروں، تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مختلف شعبہ زندگی کے اکابرین کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ میں گورنر سندھ سے استعفی واپس لینے کیلئے کہوں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے بھی صدر آصف علی زرداری اور دیگر حکومتی شخصیات کے یہ پیغامات مجھ تک پہنچائے کہ ایم کیو ایم اپنے سیاسی فیصلے کرنے میں آزاد ہے تاہم سندھ اور پاکستان کے مفاد میں بہتر ہوگا کہ گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اپنی ذمہ داریاں بدستور انجام دیتے رہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ گورنر سندھ عشرت العباد آج کراچی پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن