• news

اتحادیوں سے ملکر اچھے اور مضبوط امیدوار میدان میں لائیں گے: نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کی صدارت میں غیررسمی اجلاس میں عام انتخابات، جنوبی پنجاب کو پیپلزپارٹی کی طرف سے صوبہ بنائے جانے کے معاملے اور نگران وزیراعظم کے لئے راجہ پرویز اشرف کی جانب سے چودھری نثار کو خط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف، چودھری نثار علی خان، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، سینیٹر چودھری جعفر اقبال، ڈاکٹر آصف کرمانی، طارق عظیم و دیگر موجود تھے۔ نوازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر اچھے اور مضبوط امیدوار میدان میں لائے گی جو ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ نوازشریف نے مزید کہاکہ پارلیمانی بورڈز ٹکٹوں کے لئے میرٹ پر بہترین امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ نوازشریف نے چودھری نثار علی خان کو ہدایت کی کہ نگران وزیراعظم کے لئے نام وزیراعظم کو بھجوا دئیے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن