• news

جنوبی افریقہ کیخلاف پہلا ٹی ٹونٹی میچ کل ہو گا‘ قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کیلئے تیار


ڈربن (اے پی پی/سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو کنگزمیڈ، ڈربن میں کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ ٹی 20 اور ون ڈے سیریز کے لئے شاہد آفریدی، شعیب ملک، عمر اکمل، کامران اکمل، احمد شہزاد، وہاب ریاض، عمر امین، اسد علی اور ذوالفقار بابر نے ٹیم کو جائن کر لیا ہے۔ پاکستانی ٹیم محمد حفیظ کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ جنوبی افریقہ کی کپتانی کے فرائض فاف ڈوپلیسس انجام دیں گے۔ 2007 سے اب تک پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 6 ٹی 20 کھیلے جا چکے ہیں، دونوں ٹیموں نے تین، تین میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی 20 میچ 3 مارچ کو سپر سپورٹ پارک، سنچورین میں کھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی ٹونٹی شاہد آفریدی کی برتھ ڈے والے دن کھیلا جائگیا اور شائقین کو امید ہے کہ وہ اس خاص دن خاص کارکردگی دکھائیں گے۔ کھلاڑیوں کی نیٹ پریکٹس جاری ہے اور وہ ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پُرعزم ہیں اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کا بدلہ چکانے کیلئے تیار ہیں۔ جنوبی افریقہ کے فاسٹ با¶لر کائل ایبٹ کو پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز میں بھی شامل کر لیا گیا۔ انہیں فاسٹ با¶لر مورنی مورکل کے زخمی ہونے پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ایبٹ نے تیسرے ٹیسٹ میچ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ کرکٹ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 50 اوورز وارم اپ میچ کےلئے انویٹیشن الیون کا اعلان کر دیا ہے، سٹیفن کک ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کریگ الیگزینڈر، تیمبا بووما، کوڈی چیٹی، کوئنٹن ڈی کک، عمران طاہر، کرس مورس، جین سائمز، جوناتھن ویندیار، وان جارسویلڈ، ہارڈس وجلن اور لزاڈ ولیمز شامل ہیں۔ ایک روزہ وارم اپ میچ ون ڈے سیریز سے قبل 6 مارچ کو ڈی بیئرز ڈائمنڈ اوول، کمبرلی میں کھیلا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن