چک ہیگل کے بیان پر بھارتی اپوزیشن ناراض: نوٹس نہیں لے سکتے: سلمان خورشید
نئی دہلی(آن لائن) بھارتی اپوزیشن جماعت بی جے پی نے امریکی وزیر دفاع کے بھارت مخالف بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ سے وضاحت طلب کرے جبکہ وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ دو سال قبل دئیے گئے اس بیان پر کوئی نوٹس نہیں لیا جاسکتا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بی جے پی ترجمان نے امریکی وزیر دفاع چک ہیگل کے بھارت مخالف بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعلی امریکی عہدیدار کی جانب سے اس طرح کے بے بنیاد اور حقائق کیخلاف بیان دینا باعث تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چک ہیگل نے بھارت پر الزام تراشی کرکے افغانستان میں اس کے مثبت کردار کو متاثر کرنے کی کوشش کی ہے لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ وزیر دفاع سے وضاحت طلب کرنے کیلئے امریکہ پر دباﺅ ڈالے جبکہ وزیر خارجہ سلمان خورشید کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر دفاع نے بھارت کیخلاف کوئی بیان نہیں دیا۔ دو سال پرانے بیان پر ہم کسی بھی قسم کے ردعمل کا سامنا نہیں کرسکتے اور نہ ہی نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ جس معاملہ کی آپ بات کر رہے ہیں وہ ایک لیکچر تھا جو دو سال قبل انہوں نے ایک یونیورسٹی میںدیا تھا میں دو سال پہلے ان کی کہی ہوئی کسی بات پر ردعمل ظاہر نہیں کرنا چاہتا۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے سلمان خورشید نے کہا تھا کہ واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے نے اس معاملہ پر نئی دہلی کی تشویش سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے نے چک ہیگل کے اس بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے یہ بیان اوباما انتظامیہ کے نکتہ نظر سے یکسر متضاد ہے جو ہمیشہ افغانستان میں بھارت کے ترقی پسندانہ کردار کی تعریف کرتی رہی ہے۔
سلمان خورشید