• news

خفیہ فنڈز کیس : ڈی جی آئی بی کا جواب توہین آمیز ہے‘ چیف جسٹس‘ نیا جواب جمع کرانے کا حکم


اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ نے آئی بی خفیہ فنڈز کیس میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو کے جواب کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے اٹارنی جنرل کو ڈی جی آئی بی کے دستخطوں سے نیا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت میں اٹارنی جنرل عرفان قادر نے ڈی جی آئی بی کا جواب جمع کرایا، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دئیے کہ اس جواب میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ آپ کہتے ہیں تو جواب واپس لیکر نیا جواب داخل کر دیتا ہوں، جواب وزارت قانون سے مشاورت کے بعد جمع کروایا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جواب میں وزارت قانون کی رائے کا بھی ذکر نہیں ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ جواب اٹارنی جنرل کے دستخط سے جمع کرایا گیا ہے، کیا اس کی ذمہ داری بھی لیںگے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ ڈائریکٹر جنرل آئی بی اپنے دستخط سے جواب جمع کرائیں پھر ہم نمٹ لیں گے، سپریم کورٹ نے آئی بی خفیہ فنڈ کے غلط استعمال سے متعلق کیس کی سماعت آج جمعرات 28 فروری تک ملتوی کر دی۔
خفیہ فنڈز کیس

ای پیپر-دی نیشن